بھٹکل 20/جون (ایس او نیوز) دبئی سے بھٹکل لوٹنے والے 184 مسافروں میں سے اب تک 123 لوگوں کو سات دن کورنٹائن مکمل کرنے پر اور اُن کی رپورٹ نیگیٹو آنے پر ہوم کورنٹائن میں گھر بھیجا گیا ہے، یاد رہے کہ کل ایک خاتون کی رپورٹ پوزیٹو آئی تھی جسے آج کاروار کمس اسپتال روانہ کیا گیا ہے، اس طرح اب چارٹرڈ فلائٹ سے آئے ہوئے باقی بچے 60 لوگوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایک ہوٹل میں کورنٹائن 39 لوگوں کو دوسرے ہوٹل سے 30 لوگوں کو اور انجمن کورنٹائن سینٹر سے 7 لوگوں کو آج رپورٹ نیگیٹو آنے اور سات دن کورنٹائن کی مدت مکمل کرنے پر گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے اور اُنہیں مزید سات دنوں تک ہوم کورنٹائن کی ہدایت دی گئی ہے۔اس طرح آج سنیچر کو دبئی سے چارٹرڈ فلائٹ پر آئے ہوئے جملہ 76 لوگوں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کل جمعہ کو 47 لوگوں کو گھر روانہ کیا گیا تھا، اس طرح اب تک 123 لوگوں کو گھر روانہ کیا جاچکا ہے۔ سننے میں آیا ہے کہ ایک ہوٹل میں کورنٹائن ایک فیملی کی ایک بچی کی رپورٹ آنی باقی ہے جس کی وجہ سے چار لوگ بچی کی رپورٹ کے انتظار میں ہوٹل میں ہی کورنٹائن میں ہیں، جبکہ دوسرے ہوٹل میں 14 لوگوں کی رپورٹ آنی باقی ہے، اسی طرح انجمن کورنٹائن سینٹر کے 41 لوگوں کی رپورٹ آنی باقی ہے۔
یاد رہے کہ کل جمعہ کو ریاستی ہیلتھ بلٹین میں صرف ایک کورونا پوزیٹو کی تصدیق کی گئی تھی حالانکہ ضلع اُترکنڑا میں جملہ پانچ لوگوں کی رپورٹ پوزیٹو آئی تھی، آج کے بلٹین میں دیگر چار لوگوں کی رپورٹ پوزیٹو آنے کی تصدیق کی گئی ہے، مگر آج کے بلٹین میں پھر غلطی دکھائی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایک خاتون جس کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے وہ سعودی عربیہ سے لوٹی ہیں، حالانکہ بھٹکل کی جس خاتون کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے وہ دبئی سے لوٹی ہیں، اسی طرح اُترکنڑا میں دو خواتین کی رپورٹ پوزیٹو آنے کی تصدیق کی گئی ہے حالانکہ اُترکنڑا میں مزید کسی خاتون کی رپورٹ پوزیٹو نہیں ہے۔
کل بھٹکل سے جن تین لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹو آئی تھی، اُن تینوں کو آج کاروار کمس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس طرح کاروار کمس میں جملہ 37 لوگ روبہ صحت ہیں۔